حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عیدِ سعید غدیر خم کی بابرکت مناسبت سے حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام نورخواہ اوڑی کشمیر میں ایک خصوصی تعلیمی و تربیتی کلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو واقعۂ غدیر کی اہمیت، حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت و امامت، اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنا تھا۔
کلاس کے دوران اساتذۂ کرام نے عیدِ غدیر کی تاریخی اور دینی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ غدیر خم کا واقعہ اسلامی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ ہے، جہاں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا جانشین اور امت کا رہنما متعارف کروایا۔

پروگرام میں بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف علمی و ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
سوال و جواب کے خصوصی سیشن کے ذریعے بچوں کے دینی معلومات میں اضافہ کیا گیا اور انہیں اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنے کی ترغیب دی گئی۔
اس موقع پر مؤسسۂ قم کی جانب سے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی تحائف اور حوصلہ افزائی سے نوازا گیا، جس پر بچوں اور ان کے والدین نے خوشی کا اظہار کیا۔
آخر میں منتظمین نے مؤسسۂ قم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی اور تربیتی پروگرام نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروگرام دعا اور عیدِ غدیر کی مبارکباد کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔










آپ کا تبصرہ